چنئی4جون(آئی این ایس انڈیا)سری لنکا بحریہ کی طرف سے چار اور ماہی گیروں کو گرفتار کئے جانے کے دو دن بعد تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للتا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ان ماہی گیروں کی رہائی کے ساتھ 90ضبط کشتیوں کو چھڑانے کے لئے مداخلت کرنے کو کہا۔مودی کو خط میں جے للتا نے انہیں دو جون کو علی الصبح سری لنکا بحریہ کی طرف سے چارہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کئے جانے کے بارے میں معلومات دی۔ان ماہی گیروں کو گرفتاری کے بعد کنکیشن تھرئی لے جایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیرپڈوکوٹٹی ضلع میں کوٹایپٹنم سے یکم جون کو سمندر میں اترے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کو اجاگر کرنے پر مجبور ہوں کہ میرے بار بار درخواست کے باوجود تامل ناڈو کے ماہی گیروں سے منسلک ضبط کشتیاں اور آلات کو سری لنکا کے حکام نے اب تک واپس نہیں کیا۔اس سے پہلے 31مئی کو تامل ناڈو کے سات ماہی گیروں کو سری لنکا بحریہ نے گرفتار کیا تھا۔انہوں نے مودی سے درخواست کی کہ وہ 11ماہی گیروں کی رہائی اور کل 90ماہی گیر کشتیوں کو چھڑوانے کے لئے بلا تاخیر کارروائی کریں۔جے للتا نے اپنے خط میں کہاکہ میں اس معاملے میں آپ سے فوری طور پر مداخلت کی درخواست کرتی ہوں۔خط کی ایک کاپی میڈیا کو جاری کی گئی ہے۔